بھٹکل،21؍دسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر بھرت ایس نے اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کل 22دسمبر کو بھٹکل اور ہوناور تعلقہ میں جو گرام پنچایت انتخابات ہونے والے ہیں اس کے لئے تعلقہ انتظامیہ نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھٹکل تعلقہ میں جملہ 16گرام پنچایت ہیں اور جس کی 261سیٹوں کے لئے انتخابات ہونگے اور اس کے لئے اس وقت 672امیدوار میدان میں مقابلے پر ہیں۔فی الحال 20امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔مڈیکیری، کوٹڈمکّی اور تلگوڈ میں کسی نے بھی پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا ہے اس لئے وہاں پر انتخاب نہیں ہوگا۔
اے سی نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بھٹکل میں 22دسمبر کی صبح 7بجے سے شام 5بجے تک پولنگ ہوگی۔ اس کے لئے 16الیکٹورل آفیسرس، 20معاون الیکٹورل آفیسرس، 8سیکٹر آفیسرس اور2 فلائنگ اسکواڈ کو تعینات کیا گیا ہے۔اس الیکشن کی کارروائیاں بحسن وخوبی انجام دینے کے لئے منجملہ 600افرد پر مشتمل عملہ کو ڈیوٹی پر لگادیا گیا ہے۔اس کے علاوہ150کووڈ ہیلپ ڈیسک بنائی گئی ہیں اور 150آشا کارکنان، 104آنگن واڈی کارکنان اور 237سیکیوریٹی عملہ کے افرادانتخابی عمل میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ بھٹکل تعلقہ میں جملہ 93255ووٹرس ہیں جن میں 47332مرد اور 45923خواتین ہیں۔34سروس ووٹرس ہیں۔پولنگ کے دوران ووٹرس کے لئے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ سوشیل ڈسٹینسنگ، سینی ٹائزر کا استعمال بھی کرنا ضروری ہوگا۔
اے سی نے بتایا کہ فی الحال بھٹکل میں 3اور ہوناور میں 6 کووڈ پوزیٹیو مریض ہیں، جو اپنے اپنے گھروں پر ہیں ۔ اگر وہ پولنگ کے لئے آناچاہیں گے تو ان کے لئے انتظام کردیا جائےگا۔پولنگ کے لئے آنے والے ہر ایک شخص کی تھرمل اسکیاننگ کی جائے گی اور اگران کے اندر بخار پایا گیا تو ان کو دوسروں سے الگ کرنے کے لئے پولنگ اسٹیشن کے پاس ہی کمرے کاانتظام کیا گیا ہے ۔ ضرورت پڑنے پر کووڈ کے لئے ریپڈ ٹیسٹ بھی کیا جائےگا۔بزرگوں اور حاملہ خواتین کو کوئی تکلیف نہ ہوا س لئے ان کے بیٹھنے کے لئے الگ کمروں کاانتظام بھی کیا گیا ہے۔